بنگلورو،22؍دسمبر(ایس او نیوز) حسب اعلان کل 22دسمبرہفتہ کے روز کو ریاستی کابینہ میں توسیع اور ردو بدل ہوگی ۔ آج دن بھر دہلی میں کرناٹک کے کانگریس انچارج وینو گوپال کی صدارت میں ریاستی کانگریس لیڈروں کی بیٹھک ہوئی ۔ اس کے بعد تمام تفصیلات کانگریس صدرراہل گاندھی کے علم میں لائی گئیں ۔ انہوں نے توسیع کیلئے منظوری دیدی ہے ۔
ذرائع کے مطابق توسیع میں مسلم طبقہ سے بیدر نارتھ حلقہ کے رکن اسمبلی رحیم خان ، توکا رام ،ایم سی شیوالی اور ایم ٹی بی ناگراج کو شامل کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ ایم بی پاٹل کو شامل کیا جاناابھی طے نہیں ہوا تھا ۔ موجودہ وزراء آر ۔ شنکر اورامیش جارکی ہولی کو کابینہ سے ہٹایا جارہا ہے ۔ رمیش جارکی ہولی کی جگہ ان کے بھائی ستیش جارکی ہولی کو کابینہ میں شامل کرنا طے پایا ہے ۔
ذرائع کے مطابق کل شام 4بجے کانگریس بھون میں وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی اورنائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور کی موجودگی میں ریاستی گورنر واجو بھائی والا نئے وزراء کوعہدہ اور رازداری کاحلف دلائیں گے ۔ کہاجارہا ہے کہ ریاستی وزیر رمیش جارکی ہولی ہر معاملہ میں ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ وہ بیلگاوی کے انچارج وزیر ہیں۔ اس کے باوجود حال ہی میں وزیر اعلیٰ کمار سوامی بیلگاوی سیشن میں شرکت کرنے جب بیلگاوی ایر پورٹ پہنچنے تو انکااستقبال کرنے وہ موجودہ نہیں تھے۔ ان کی ایسی کئی حرکتوں کا پارٹی ہائی کمان سنجیدہ نوٹ لیتے ہوئے انہیں کابینہ سے ہٹا کر ان کی جگہ ان کے بھائی ستیش جارکی ہولی کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس وقت کابینہ میں کانگریس کے حصہ کی 6اور جے ڈی ایس کی 2 وزارتیں ہیں ۔ دو وزراء کوڈراپ کرنے سے کانگریس کے پاس 8وزراء کو شامل کئے جانے کی گنجائش ہے ۔ 6وزراء کی شمولیت کوراہل گاندھی نے بھی منظوری دیدی ہے ۔ آربی تماپور کو بھی شامل کئے جانے کاامکان ہے ۔ ایک اوروزیر کو شامل کیا جائے گا ، ابھی اس کے نام کاباقاعدہ اعلان نہیں ہوا ہے ۔ جے ڈی ایس نے اپنے حصہ کے دو وزراء کی بھرتی کیلئے ابھی باقاعدہ ناموں کااعلان نہیں کیا ہے۔